ساحلی پٹی کی زمینوں پر قبضوں کا نوٹس لیا جائے، ریاض چانڈیو

185

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ میں مقامی لوگوں کی زمینوں پر ملکی اور غیر ملکی لینڈ گریبر مافیاؤں کی یلغار اور گھارو پولیس تحویل میں رمضان سموں پر مبینہ ٹارچر اور فوتگی کیخلاف جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو، وائس چیئرمین سید نواز شاہ کی رہنمائی میں گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں مکلی اور ٹھٹھہ تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی ور غلام شہر اور مکلی سے ٹھٹھہ پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی میں ریاض چانڈیو، سید نواز شاہ، غلام نبی کھٹی، سید سرور شاہ سمیت بڑی تعداد میں کارکنان، سول سوسائٹی نمائندگان اور شہری موجود تھے۔ اس سلسلے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاض چانڈیو، سید نواز شاہ و دیگر رہنماؤں نے ضلع ٹھٹھہ کی زمینوں پر یلغار، پولیس گردی اور گھارو پولیس تحویل میں رمضان سموں پر مبینہ تشدد اور ہلاکت کی سخت مذمت کی، بااثر شخصیات محکمہ ریونیو کی مدد سے ٹھٹھہ کے کوہستان اور ساحلی پٹی کی زمینوں کا ریکارڈ غائب کرنے اور غیر مقامی لینڈ گریبر مافیاؤں اور کمپنیوں کو زمینوں کی الاٹمنٹ جاری کرنے پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ رہنماؤں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، سیشن جج ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا کہ رمضان ملاح کیس کا نوٹس لے کر عدالتی تحقیقات شروع کرائی جائے اور ٹھٹھہ کی زمینوں پر غیر مقامی مافیاؤں کے قبضوں کا بھی نوٹس لیا جائے۔