انسانیت کی خدمت انبیا کرام کا شیوہ ہے، میر خدا بخش

184

جھڈو (نمائندہ جسارت) ٹائون کمیٹی ٹنڈوجان محمد کے چیئرمین میر خدابخش عرف میر جانی تالپور نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت انبیا کرام کا شیوہ ہے، مہنگائی کے اس دور میں مفت آئی کیمپ آنکھوں کی روشنی سے محروم غریب اور مستحق مریضوں کے لیے روشنی اور امید کی کرن ہے۔ انہوں نے آئی کیمپ کے انعقاد میں مکمل تعاون کرنے والے علاقے کے مخیر اور سماجی رہنما چودھری امجد علی ساہی کی سماجی و فلاحی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فلاحی کام کرنے والے افراد دیگر مخیر حضرات کے لیے بے لوث خدمت کا عملی نمونہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات سخی جان محمد سٹیزن کلب ٹنڈو جان محمد میں منعقدہ دوسرے دو روزہ آنکھوں کے دو روزہ مفت کیمپ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سماجی رہنم چودھری امجد علی ساہی، وائس چیئرمین ٹائون کمیٹی ٹنڈو جان محمد افتخار احمد گاندھی، ٹی ای او جھڈو ثنا اللہ جمانی، سخی جان محمد سٹیزن کلب ٹنڈو جان محمد کے صدر میر زبیر اختر، جنرل سیکرٹری محمد طاہر جاٹ، خزانچی نم ناز ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کونسلر میر آصف تالپور، سائیں منظور شاہ، حبیب راجپوت، فیاض راشد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے مفت آئی کیمپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ دو روزہ فری آئی کیمپ میں 451 آنکھوں کے مریضوں کی اوپی ڈی کی گئی جبکہ 45 عورتوں اور 56 مردوں سمیت 101 مریضوں کی آنکھوں کا جدید ٹیکنالوجی فیکو تھراپی کے ذریعے آپریشن کر کے لینس بھی لگائے گئے۔ دو روزہ فری آئی کیمپ میں داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو مفت ادویات، چشمے، چائے اور کھانا بھی فراہم کیا گیا۔ کیمپ کے انتظامات چلانے کے لیے شہر کے نوجوانوں اور ہائی اسکول ٹنڈو جان محمد کے ٹیچر رانا مظہر کی قیادت میں اسکائوٹس نے رضاکارانہ طور پر دن رات خدمات انجام دیں۔