ویمنز ٹی ٹوئئنٹی ورلڈکپ،پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

326

سڈنی(جسارت نیوز)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست ہوگئی۔پاکستان ویمنز ٹیم انگلینڈ کے بعد جنوبی افریقا سے شکست کے بعد سیمی فائنل سے باہر ہوگئی ۔ جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو17 رنزسے شکست دے کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ قومی ویمنز ٹیم 137رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 119رنز ہی بناسکی۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جنوبی افریقا کی بیٹر لاوراوولوارٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ بی میں شامل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اپناآخری میچ کل تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔اتوار کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈین نی کریک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17کے مجموعی اسکور پر حریف ٹیم کی دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھجوادیا۔ اوپنر کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیم کی ماریزانے کاپ اور لاورا وولوارٹ نے فائٹ بیک شروع کیا۔ ماریزانے کاپ 31رنز بناکر آئوٹ ہوئیں مگر لاوراوولوارٹ نے کریز کے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اوربہترین نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 36گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں۔حریف ٹیم کی کوئی اور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی۔ ڈو پریز 17، سونے لوس 12اورکلوئے ٹائرون10رنزبناکر آئوٹ ہوئیں۔ پاکستان کی ڈیانا بیگ نے 19رنز کے عوض 2 کھلاڑیو ں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انعم امین، عروب شاہ، ندا ڈاراور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 72رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ کپتان جویریہ خان 31 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئیں۔ شبنم اسماعیل،ڈین نی کریک اورمابا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔