کورنگی ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں گے‘ حبیب جنیدی DMC

248

پاکستان پیپلز پارٹی مزدور طبقہ کے حقوق کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہے اور آزمائش کے کسی مرحلہ میں اُن کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہارپیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی ایمپلائز یونین کے رہنماؤں محمد عامر،محمد ارسلان،سیّد واجد علی،ولید خان،اطہر محمود اور انور بھٹو پر مشتمل ایک وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں ، جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ اور پیپلز لیبر آرگنائزنگ کمیٹی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے چیف آرگنائزر عدنان حبیب بھی موجود تھے۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ قانونی اور آئینی ٹریڈ یونین سرگرمیوں کی راہ میں ڈی ایم سی کورنگی کی انتظامیہ کی جانب سے شدید رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اور ایمپلائز یونین کے عہدیداران کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے سے کوئی طاقت ہمیں روک نہیں سکتی اور ہم محنت کش طبقہ کے تحفظ کے لیے تماتر پرامن احتجاجی اقدامات بھی اُٹھائیں گے۔پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں نے ڈی ایم سی کورنگی ایمپلائز یونین کی جدوجہد سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یونین کی جانب سے کی گئی پر امن سرگرمیوں کو روکنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے رہنماؤں کو نوٹسز جاری کرنا یا اُنہیں ملازمت سے معطل کرنا بدترین مزدور دشمنی ہے اور ہم اس مسئلہ کو حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر بھی اُٹھائیں گے اور غیر قانونی اقدامات کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔قبل ازیں وفد کے قائد عدنان حبیب نے پیپلز لیبر بیورو کے رہنماؤں کو ڈی ایم سی کورنگی کی انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتقامی اقدامات سے آگاہ کیا اور اُنہیں بتایا کہ ٹریڈ یونین قائدین کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی قانونی سرگرمیوں کو بند کردیں،ملازمین کے حقوق کے حوالہ سے کوئی بات نہ کریں ورنہ اُنہیں اُس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوںگے۔