نعمت اللہ خان نے بے لوث خدمت کی مزدور رہنماء

161

جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر مزدور رہنمائوں نے مرحوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اس موقع پر KPT کے مزدور رہنما سید مناظر الحسن نے کہا کہ وہ اللہ کے ولی تھے۔ نعمت اللہ خان اپنے مقصد سے مخلص ہونے کی وجہ سے ان کے مخالفین بھی گرویدہ تھے اور تعریف کرنے پر مجبور تھے۔ آج کے نفسانفسی کے دور میں مخلص انسان بڑی مشکل سے ملے گا۔ وہ آخر دم تک نیکی اور خدمت کے کاموں کو سرانجام دیتے رہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے نائب صدر اور پاکستان اسٹیل کے سینئر رہنما ظفر خان نے کہا کہ نعمت اللہ خان کے کام اور کارکردگی کے تو سب ہی معترف ہیں۔ میں مزدوروں کے حوالے سے ان کی خدمات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ لیبر فیلڈ میں کام کی اہمیت کو بے انتہا ترجیح دیتے تھے۔ جب وہ امیر جماعت اسلامی کراچی تھے تو این ایل ایف کے کام میں ذاتی دلچسپی لیا کرتے تھے۔ اس وقت پر NLF پاکستان کے سیکرٹری جنرل کے لیے میرا انتخاب خان صاحب ہی کا تجویز کردہ تھا۔ اس حوالے سے ان سے اکثر و بیشتر رابطہ رہتا تھا۔ کام کو وسعت دینے کے لیے خان صاحب کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جاتا تھا۔ جب نعمت اللہ خان سٹی ناظم بنے اس وقت پاکستان اسٹیل کے چیئرمین کرنل افضل چیئرمین کی حیثیت سے تعینات تھے ان کی جانب سے ملازمین کو فارغ کرنے سے پاکستان اسٹیل کے حالات انتہائی کشیدہ تھے۔ ان حالات میں پاکستان اسٹیل کی تمام ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز کی میٹنگز خان صاحب دفتر میں رکھ لیا کرتے تھے۔ اس ہی دوران پاکستان اسٹیل کے ملازمین نے ہڑتال کردی۔ پلانٹ کی پروڈکشن برائے نام رہ گئی مگر پورے دن اسٹرائیک کے باوجود صورت حال مزید ابتر ہورہی تھی تو نعمت اللہ خان صورت حال کو سنبھالنے کے لیے نائب سٹی ناظم طارق حسن کو پاکستان اسٹیل بھیجا جس پر ملازمین نے دھرنا ختم کیا۔ دوسرے دن گورنر ہائوس کراچی میں محمد میاں سومرو اس وقت کے گورنر کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں ان کی اس وقت کی پوری اسٹیبلشمنٹ شریک تھی اور پاکستان اسٹیل کی پوری مزدور تحریک شریک تھیں۔ غرضیکہ ایک شجرسایہ دار تھا۔ جو اب نہ رہا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے کہا کہ مرحوم نے کراچی کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ وہ محنت کشوں کے لیے شجرسایہ دار تھے۔ مزدوروں کے ہر دکھ میں شریک ہوتے تھے۔ انہوں نے لیاری ایکسپریس وے بنایا، لاتعداد ترقیاتی کام کروائے، سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہنما ایم منتخب عالم نے کہا کہ مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پاکستان اسٹیل پاسلو کے رہنما مختار قریشی نے کہا کہ مرحوم ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر تھے۔ نعمت اللہ خان نے جسارت لیبر فورم کے پروگرام میں بھی شرکت کی تھی۔ ریلوے پریم یونین CBA کے ملک عثمان نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایک بہادر شخصیت اور کراچی کے بہترین میئر تھے۔