بھارت میں ہندو دہشت گرد تنظیم کی حکومت ہے‘ وزیراعظم آزاد کشمیر

198

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہندو دہشت گرد تنظیم کی حکومت ہے جس کی بنیاد مسلمانوں کے خلاف نفرت پر ہے‘ نریندر مودی نے فاشسٹ اور ہندو دہشت گردوں کے ذریعے نئی دہلی میں معصوم مسلمانوں پر مظالم ڈھا کر انہیں
متنازع شہریت بل کی مخالفت کرنے کی سزا دی‘ بھارت بہت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو گا جس کے لیے ہمیں تیار رہنا ہے‘ بھارت میں بی جے پی کے غنڈے مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں‘ یہ وہ نظریہ ہے جس کا مقابلہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بے بنیاد الزامات لگا کر مسلمانوں کو تشدد کرکے قتل کیا جا رہا ہے‘ مودی سرکار کی ایما پر ہندو دہشت گردوں نے جس دیدہ دلیری کے ساتھ مسلم کش فسادات کے سلسلے شروع کیے ہیں اس سے جعلی جمہوریت کا پردہ دنیا کے سامنے چاک ہو گیا ہے اور مودی کا اصل چہرہ سامنے آیا ہے۔