پاکستان کی ضمانت کے بغیر امریکا افغانستان سے نہیں نکل سکتا، شوکت یوسفزئی

95

پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ امریکا نے طالبان کے ساتھ معاہدہ کرکے اب تسلیم کر لیا کہ افغانستان مسئلے کا حل صرف مذاکرات ہی ہے، یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کیونکہ امریکا پاکستان کی ضمانت کے بغیر افغانستان سے نہیں نکل سکتا، انٹرا افغان ڈائیلاگ میں بھی پاکستان کا کردار سب سے اہم ہوگا، جب وزیراعظم عمران خان نے 20 سال پہلے کہا تھا کہ امریکا کو طالبان سے مذاکرات کرنے چاہییں تو اس وقت کی حکومت نے ان
کا مذاق اڑایا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے سالانہ اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس امن معاہدے سے پورے خطے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ افغانستان کے راستے تجارت کیلیے پورا سینٹرل ایشیا پاکستان کیلیے کھل جائے گا جس سے پاکستان کی معیشت بہت ترقی کرے گی۔ اپوزیشن اپنے دور حکومت میں گیلپ سروے کا بہت ذکر کیا کرتی تھی آج گیلپ سروے کے مطابق سب سے اچھی کارکردگی وزیراعلیٰ محمود خان کی ہے، پاکستان تحریک انصاف ملک کے تمام اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہی ہے۔