نواز شریف کی جلا وطنی کیلیے حکومتی خط ردی کی ٹوکری میں جائیگا، رانا ثنا

121

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرانے کے لیے برطانیہ کو خط لکھا تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی، ایسے کسی بھی خط کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جائے گا، اس قسم کا حکومتی عندیہ ثابت کرتا ہے کہ حکمران انتقام اور بدترین اخلاقی پستی کاشکارہیں۔ صباح نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے مریم نواز کی لندن روانگی کی شرط پر واپسی کی کوئی بات نہیں کی
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنے والوںکے لیے ڈاکٹرز کی رپورٹس باعث ندامت ہیں۔ پنجاب کی وزیر صحت آج بھی ڈاکٹرز کی رپورٹس کو درست تسلیم کرنے اور اپنے بیان پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بیمار ہیں اسی بنیاد پر عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔ شیخ رشید گیٹ نمبر 4 کے خود ساختہ ترجمان ہیں، ان کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، خود ہی لائوڈ اسپیکر بنے ہوئے ہیں۔ جوخود چور ہو اسے ساری دنیا چور نظر آتی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ میاں شہباز شریف کی وطن واپسی پر ن لیگ اے پی سی بلائے گی، اپوزیشن کے اتفاق رائے سے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اپوزیشن کا ملک اور قوم کیلیے متحد ہونا ہی بہتر ہے۔