پولیس یونیفارمز میں تبدیلی کیلیے سندھ کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

312

کراچی (رپورٹ: محمد انور) سندھ حکومت صوبے کی ڈسٹرکٹس اور ٹریفک پولیس کی یونیفارم کو تبدیل کرنے کی منظوری 3 مارچ کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں حاصل کرے گی۔ اس ضمن میں کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں ” پولیس یونیفارم کی تبدیلی اور سال میں 3 وردیاں پولیس اہلکاروں کو فراہم کرنے ” کے نکتے شامل کرلیے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے داخلہ کی سمری پر یہ نکتہ کابینہ کے اجلاس میں شامل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پولیس یونیفارم میں تبدیلی
کی تجویز ابتدائی طور پر آئی جی کلیم امام نے دی تھی اور ان کی تشکیل کردہ کمیٹی نے مجوزہ نئی وردیوں کے بارے میں فیصلہ کیا تھا جس پر حکومت نے بھی آمادگی ظاہر کردی تھی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے پولیس یونیفارم کی تبدیلی کی تجویز گزشتہ سال مارچ میں دی گئی تھی۔ اس تجویز کے مطابق ٹریفک پولیس، سی آئی اے، اینٹی رائٹس ریزرو پلاٹونز، فارنزک ڈویژن سندھ اور سینٹرل پولیس آفس کے یونیفارمز ابتدائی مرحلے میں تبدیل کیے جانے تھے تاہم معلوم ہوا ہے کہ حکومت صرف ڈسٹرکٹ اور ٹریفک پولیس کے یونیفارم کو تبدیل کرنے پر رضا مند ہوئی ہے۔ جبکہ تجویز کے برعکس پولیس اہلکاروں کو ہر سال صرف3 وردیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آئی جی کی تجویز تھی کہ پولیس کو ہر سال کم ازکم 4 یونیفارم دیے جائیں۔ توقع ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد نئے مالی سال-21 2020ء سے پولیس کو نئے یونیفارم فراہم کیے جائیں گے۔ یہ وردیاں ڈسٹرکٹ پولیس کے لیے ہلکی نیلی شرٹ اور نیوی بلو ٹراؤزر اور ٹریفک پولیس کے لیے سفید پولوشرٹ اور نیوی بلوٹراؤزر پر مشتمل ہوںگی۔ منگل کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری کے بعد سندھ پولیس کے ایک لاکھ 45 ہزار اہلکاروں کے یونیفارمز تبدیل کردیے جائیں گے۔