لاہور‘ٹرک نے موٹرسائیکل کوکچل دیا، 3 نوجوان جاں بحق

282

لاہور(صباح نیوز) لاہور کے علاقے پیر مکی کے قریب ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہو گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گوالمنڈی کے رہائشی عمران کا 12 سالہ بیٹا 2 دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا کہ لاہور پیر مکی کے قریب تیز رفتار ٹرک نے کچل دیا۔ تینوں دوست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ارسلان، احمد اور اختر شامل ہیں۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ
درج کر کے تفتیش شروع کر دی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر کے ورثا کے حوالے کر دیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے واقعے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے نوجوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کااظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ اورپولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے او رکہاہے کہ جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کوہر قیمت پر انصاف فراہم کیاجائے گا۔