حکومت کورونا سے بچائو کے انتظامات کرنے میں ناکام ہوگئی ، ن لیگ

133

کراچی (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر و سابق رکن قومی اسمبلی شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں ، پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی اطلاعات ہیں مگر وفاقی حکومت نے کوئی حکمت عملی یاپالیسی نہیں بنائی ،افغانستان اور ایران میں کیسز سامنے آنے کے باوجود حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، حکومتی سطح پر کوئی انتظاما ت نظر نہیں آرہے ہیں ، کورونا وائرس سے بچائو اور اس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کے لیے کوئی آگہی مہم نظر نہیں آرہی ہے۔
، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ہا ئوس سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری نے کہا کہ کہ جس وائرس نے مختلف ممالک میں تباہی مچا دی اس سے بچائوکے لیے حکومت پیشگی انتظامات لانے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے، نہ تو ائرپورٹس پر مسافروں کو چیک کرنے کا کوئی صیح نظام بن سکا ہے جس سے مسافروں کی باقاعدہ اسکیننگ ہوسکے اور نہ ہی اس کے علاج کے لیے کوئی پالیسی یا پلان مرتب ہوسکا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں قدرتی آفا ت سے نمٹنے کے لیے حکومتیں باقاعدہ پلاننگ کرتی ہیں تا کہ تباہی اور جانی نقصانات سے بچا جا سکے جبکہ ہمارے حکمران بیرون ممالک کے دوروں اور آئی ایم ایف کی شراط پوری کرنے اور عوام کو دکھ دینے میں مصروف ہیں ، ساری دنیا میں کورونا پھیل رہا ہے اور پاکستان میں حکومت بیروزگاری اور مہنگائی کے وائرس پھیلا رہی ہے۔