تعلیم کے فروغ کیلیے ہر سطح پر تعاون کررہے ہیں‘ اکرام اللہ دھاریجو

303

کراچی(صباح نیوز) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں تعلیم انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ طلباکی کردار سازی میں اساتذہ، والدین اور ادارے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جن قوموں کو اچھے اور قابل اساتذہ میسر آتے ہیں وہ انتہائی خوش نصیب ہوتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے کیڈٹ کالج گھوٹکی میں چوتھی تقریب یوم والدین کے انعقاد کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں طلبا کے والدین، سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ سول و فوجی افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کیڈٹ کالج کے طلبہ کی پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔ تقریب میں پریڈ، پی ٹی شو، جمناسٹک اور دیگر جسمانی کرتبوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کی ثقافت کو بھی شاندار انداز سے اجاگر کیا گیا۔ پروگرام میں بورڈ اور کالج میں نمایاں پوزیشن اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹ اور اساتذہ و دیگر عملے میں یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کیڈٹ کالج کے پرنسپل ، اساتذہ کرام، ملازمین اور مستقبل کے معمار کیڈٹس کو چوتھے یوم والدین کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ایک یادگار اور سنہری دن ہے۔ دس سال کے قلیل عرصے میں اس کالج کی کارکردگی قابل تعریف اور پرنسپل و اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔