وزٹ اور بزنس ویزا پر مسافروں کو سعودی عرب جانیکی اجازت

243

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ ایمپلائمنٹ ویزا، ورک وزٹ ویزا، بزنس ویزا اور فیملی وزٹ ویزا رکھنے والے مسافروں کو ملک میں آنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی (گاکا) نے مختلف ائر لائنز کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر محمد بن عتیبی کی طرف سے مراسلہ جاری کردیا گیا۔ داخلے کی اجازت پر پی آئی اے اور سعودی ائر لائن کے ذریعے وزٹ اور بزنس ویزے کے حامل مسافروں کو سعودی عرب جانے کی اجازت ہو گی‘ قومی ائر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے تمام اسٹیشنوں کو ہدایت جاری کردی گئی۔ اعلامیے میں
کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس اور اس کے تدارک کے لیے سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عاید کی ہوئی ہے تاہم سعودی مسافروں کو لانے والی غیر ملکی ائرلائنز کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 25 ممالک کا گزشتہ 14 دنوں میں دورہ کرنے والے مسافر کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں چین، کوریا، ہانک کانگ، اٹلی، مکاؤ، جاپان، اٹلی و دیگر ممالک شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق سعودیہ میں موجود عمرہ زائرین کی وطن واپسی کا بندوبست جلد از جلد کیا جائے جبکہ آن لائن اور ٹورسٹ ویزا رکھنے والے مسافروں کو سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سعودی عرب نے پاکستان سے عمرے کے لیے جانے والے زائرین کو عارضی طور پر روک دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ غیرملکی ائر لائن نے عمرے پر جانے والے مسافروں کو نہ لے جانے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان کی قومی ائر لائن پی آئی اے نے بھی سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کو منع کردیا تھا۔