مودی خطے کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے، چیئرمین کشمیر کمیٹی

294

ملتان (اے پی پی) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے انتہا پسندانہ اقدامات کی وجہ سے ہندوستان میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، بھارتی حکومت بھارت کو صرف ہندو ریاست بنانا چاہتی ہے، مودی اپنے ایجنڈے کی وجہ سے خطہ کو تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔ اتوار کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندرونی حالات بہت خراب ہیں۔ دہلی میں حالیہ ہنگاموں میں 40 کے قریب مسلمان شہید اور 400 کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متنازع شہریت بل سے مسلمان متاثر ہو رہے ہیں، صرف آسام میں 19 لاکھ مسلمانوں کو شہریت سے
محروم کردیا گیا ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ مودی حکومت کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلیے ہندوستان کے دوسرے حصوں سے ہندوئوں کو کشمیر میں بسانے کے لیے مختلف ترغیبات دے رہی ہے۔ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کی پوری پاکستانی قوم حمایت کررہی ہے، علاقائی ترقی کے لیے امن کی اہمیت کو مودی حکومت بھی سمجھے۔ علاقائی امن و امان ترقی اور خوشحالی کیلیے بہت اہمیت کاحامل ہوتاہے۔