حکومت کا نواز شریف کی بےدخلی کیلئے برطانیہ کو خط لکھنےکا فیصلہ

369

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے نواز شریف  کو ڈی پورٹ کروانے کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آپہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی رپورٹ کے بعد اب وفاقی حکومت آئندہ ہفتے برطانوی حکومت کو خط لکھے گی، جس میں نواز شریف کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کرکے واپس پاکستان بھیجنے کی استدعا کی جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پر عزم ہیں،وزیراعظم نے گندم، چینی اور آٹے کے مصنوعی بحران کی خود مانیٹرنگ کی،عوام کی تکلیف کے ازالے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،حکومتی اقدامات سے قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔