اسلام نے عورت کو جو احترام دیا وہ کوئی دوسرا مذہب نہیں دے سکتا،سینیٹر سراج الحق

620

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے جو احترام دیاہے،وہ دنیا کا کوئی دوسرا مذہب نہیں دے سکتا۔

عالمی یوم خواتین کے حوالے سے منعقدہ خواتین کانفرنس اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے یکم سے 20مارچ تک ملک بھر میں خصوصی مہم چلائی جائے گی،پاکستانی عورت ملک میں مغربی کلچر نہیں،اسلام کی پاکیزہ تہذیب چاہتی ہے تاکہ ملک کو اس کی اساس اور نظریے کے مطابق اسلام کا گہوارہ بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ  نام نہاد مہذب مغربی دنیا میں عورت کو آمدن کا ذریعہ بنالیا گیاہے،ملک میں خواتین کا استحصال ہورہاہے،بوڑھے ماں باپ کو اولڈ ہومز میں چھوڑ آتے ہیں جبکہ اسلام ماں کو اتنا اعلیٰ و ارفع مقام بخشاہے کہ اسے قدموں میں جنت رکھ دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی عورت کے بارے میں جاہلانہ رسوم ورواج کے خاتمہ اور انہیں وراثت میں حق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ہر ضلع میں بچیوں کے لیے یونیورسٹی بنے اور ان کے لیے کھیلوں کا باپردہ انتظام ہوتاکہ وہ بھی ڈاکٹراور انجینئرز بنیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے پریس کانفرنس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام صوبوں میں خواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں قائم کی جائیں،دیہاتی علاقوں میں ہیلتھ سنٹرز اور ڈسپنسریاں قائم کی جائیں،خواتین کو شہری دفاع اور فسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عورت کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے،جیلوں میں بے گناہ قید خواتین کی رہائی کے لیے ان کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے،ذرائع ابلاغ میں خواتین کے استحصال کو روکاجائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا پر فحاشی و عریانی کے پروگرامات کو روکا جائے تاکہ معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ درندگی کے واقعات کا سدباب ہوسکے،ذرائع ابلاغ میں خواتین کو اپنے موقف کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور اس سلسلہ میں ان کے لیے بہترین ماحول اور سہولیات کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مائیں بہنیں بیٹیاں ملک میں اسلامی تہذیب و تمدن کا غلبہ چاہتی ہیں،بدقسمتی سے ملک میں ایسے عناصر بھی موجود ہیں جو میرا جسم میری مرضی اور مغرب کے فحش عریاں اور حواس باختہ کلچر کو پروموٹ کرکے ملک کی اسلامی شناخت پر دھبہ لگانا چاہتے ہیں،ایسے عناصر کی سرکاری سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی جلد ہی سینیٹ میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کا بل پیش کرے گی،اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے جو احترام دیاہے،وہ دنیا کا کوئی دوسرا مذہب نہیں دے سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ عورت کو بازار کی زینت بنانے والے معاشروں نے عورت پر جو ظلم کیاہے ، آج اس کا نتیجہ ہے کہ وہاں خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ اسلام عورت کو گھر کی ملکہ کا عظیم مرتبہ دیتاہے،اسلام نے عورت کو گھر میں قید نہیں کیا بلکہ زندگی کے ہر شعبہ میں اسے اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دی اور حوصلہ افزائی کی ہے حتیٰ کہ جنگ کے میدانوں میں بھی خواتین شامل رہی ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی 8 مارچ عالمی یوم خواتین کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور ، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں خواتین مارچ اور خواتین کانفرنسز کا انعقاد کرے گی ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے تحریری مطالبہ کیاہے کہ جو امیدوار اپنی بہن بیٹی کو وراثت میں حق نہیں دیتا،اسے الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے،جماعت اسلامی قرآن سے شادی جیسی جاہلانہ رسم،وٹہ سٹہ، جہیز اور کاروکاری جیسے مظالم کا خاتمہ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوت کو وہ مقام دلایا جائے گا جس کا اللہ اور رسول نے اسے مستحق ٹھہرایا ہے،مسلم خواتین اور بیٹیوں کے لیے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ ، حضرت فاطمة الزہرہؓ ، حضرت خدیجة الکبریٰ ؓ اور حضرت مریم ؑ بہترین نمونہ ہیں ۔