عالمی طاقتیں پاکستان کیخلاف خطرناک منصوبوں پر گامزن ہیں‘ تحفظ ختم نبوت

293

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں اسلام، پاکستان اورعوام کے خلاف خطرناک منصوبوں پر گامزن ہیں، اپنے ایجنٹوں کے ذریعے نصاب تعلیم سے اسلامی اقدار، حدود آرڈیننس، اسلامی سزاؤںکاخاتمہ، ناموس رسالت قانون میں ترمیم اور امتناع قادیانیت آرڈیننس کا خاتمہ چاہتی ہیں، اسی بنا پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان کے مسلمانوں کو ان عالمی سازشوں سے ہر وقت باخبر رہنے کی تلقین کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر سمیت دیگر رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت جہاں حج فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ ڈیٹا کلیکشن فارم اور اصل حج فارم بحال کرنے پر وزارت مذہبی امور کے وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری صاحب کو مبارکباد پیش کرتی ہے، وہاں یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ جن لوگوں نے اتنی حساس نوعیت کی تبدیلی وفاقی وزیر یا حکومت کے حکم کے بغیر کی ہے، انہیں فی الفور نہ صرف یہ کہ بے نقاب کیا جائے بلکہ ان کو قانون کے مطابق کڑی سزا بھی دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرات کرنے کی ہمت نہ ہو سکے۔