جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پورحصہ لے گی، لیاقت بلوچ

139

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور صدر مجلس قائمہ سیاسی انتخابی امور لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ۔پنجاب شمالی ، جنوبی اور وسطی کی سیاسی انتخابی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد آج خیبر پختونخوا ، 7 مارچ کوسندھ اور 9 مارچ کو بلوچستان کی سیاسی انتخابی کمیٹیوں کے اجلاس طلب کر لیے گئے ہیں ۔ جماعت اسلامی کا ہی عوام کی خدمت ، فلاحی کاموں کا شاندار ریکارڈ ہے ۔ بلدیاتی اداروں میں برادریوں ، مفاد پرست گروہوں کی وجہ سے جمہوریت کی نرسری پروان نہیں چڑھ سکی ۔ فوجی آمریتوں نے بلدیاتی اداروں کو ہمیشہ اپنے آمرانہ مقاصد کے لیے استعمال کیا اور جمہوری حکومت نے کبھی بھی بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور مستحکم نہیں ہونے دیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی جدوجہد اقامت دین ، پاکستان کو اسلامی خوشحا ل اور کرپشن فری بنانے کی ہے ۔قومی اور بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی اپنے نام ، منشور اور انتخابی نشان ترازو پر حصہ لے گی ۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات اندرونی وحدت اور قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں ۔ انجینئرڈ اور بندوبستی انتخابات کا فارمولا ناکام اور عوام کے لیے جان لیوا بن گیاہے ۔ہم مہنگائی ، بے روزگاری اور اسٹیٹس کو کے خلاف ملک گیر تحریک کے ذریعے عوام میں انقلابی جذبہ بیدا ر کریں گے ۔ اب وقت آگیاہے کہ قومی سیاست کو اسٹیبلشمنٹ ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں ، مفاد پرستوں ، پاور پولیٹکس کے رسیا اور فرسودہ گروہوں کے قبضے سے آزاد کرایا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جموں و کشمیر کی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کا ہم ہر قیمت پر ساتھ دیں گے ۔ حکومت امریکا کی ثالثی پر انحصار نہ کرے یہ سراسر دھوکا ہے ، قومی متفقہ حکمت عملی بنائی جائے ۔