محنت کشوں کے صبر کی انتہا ہوچکی ، مسائل حل کیے جائیں ، واسا ملازمین

172

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)ایچ ڈی اے مہران ورکرز یونین (سی بی اے) کا ہنگامی اجلاس یونین آفس لطیف آباد میں صدر محمدرمضان ملاح کی سربراہی میں منعقد ہوا ،اجلاس میں واسا ملازمین کی سات ماہ کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے اب تک پیش رفت نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عباسی نے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ نے 19 فروری کو شہر کا فراہمی آپ کا نظام بند کرنے کے دوران سی بی اے یونین کو تحریری طور پر یقین دہانی کرائی تھی کہ15 سے 20 روز کے دوران واسا کے محنت کشوں کی تمام بقایا تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا لیکن دس روز گزر جانے کے باوجود نہ ہی ادارے کی انتظامیہ اور نہ ہی ضلع انتظامیہ سمیت حکومت سندھ کی جانب سے کسی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے واسا کے محنت کشوں کے صبر کی انتہا ہوچکی ہے اور محنت کش فاقہ کشی کا شکار اپنے خاندانوں کو دیکھتے ہوئے خودکشیاں کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ادارے کی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ سمیت حکومت سندھ خصوصاً صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ دس روز کے اندر اندر واسا کے محنت کشوں کی تمام بقایا تنخواہیں اور پنشنز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری صورت میں واسا کے محنت کش ہر طرح کے انتہائی احتجاج کے لیے تیار ہیں۔