ماتلی، احساس کفالت پروگرام کی امدادی رقم کے لیے خواتین کا رش

566

ماتلی (نمائندہ جسارت) ضلع بدین کے تعلقہ ہیڈ کوارٹر ماتلی میں احساس کفالت پروگرام کے تحت ملنے والی امدادی رقوم کو لینے کے لیے مقامی بینکوں اور فرنچائز پر خواتین کا رش لگ گیا۔ فرنچائز سے رقم لینے والی خواتین سے 300 سے 500 روپے وصول کیے جانے کی شکایات۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بتایا کہ بینکوں کے اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر دینے کے لیے بھی ایجنٹ سرگرم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تو ان ایجنٹوں نے سادہ لوح دیہاتی خواتین کو رقم نکلوا کر دینے کے لیے کمیشن پر عورتوں کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ ہفتے کے روز ماتلی کے ایک نجی بینک کی ATM مشین بند ہونے کیخلاف دیہی علاقے کی خواتین نے سڑک بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، پولیس نے مداخلت کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کرایا، خواتین کی اکثریت نے بتایا کہ ہم دور دراز سے روزانہ دو سے تین سو روپے خرچ کرکے آتے ہیں مگر ہم اپنی امدادی رقم لیے بغیر واپس چلے جاتے ہیں۔ خواتین نے کہا کہ بینکوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی جائے کہ وہ پابندی کیساتھ ATM مشین کھلی رکھیں۔