مہنگائی اور غربت نے محنت کشوں کو دیوار سے لگا دیا ،شمس الرحمن سواتی

139

لاہور( نمائندہ جسارت) ملک میں مہنگائی غربت بے روزگاری سے غریب محنت کش طبقہ دیوار سے لگ چکا ہے ۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے غریبوں پر مہنگائی کے بم برسا دیے ہیں ۔این ایل ایف ایک کروڑ محنت کشوں تک اپنی دعوت پہنچائے گی اور ایک بڑے مقصد کے لیے محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا ۔ حقیقی مزدور قیادت کو محنت کشوں کے اداروں میں نمائندگی کا حق دیا جائے ۔ٹھیکے داری نظام کا عملی خاتمہ اورمحنت کشوں کو بنیادی حقوق دیے جائیں ۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے منصورہ لاہور میں این ایل ایف کی 3 روزہ تربیتی ورکشاپ سے اپنے افتتاحی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر این ایل ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہد ایوب خان ،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل طیب اعجاز ،عبدالقیوم اعوان،پروفیسر شیر احمد منصوری،شمس الدین امجد،مرزا محمد عیسیٰ، مرزا عبدالخالق ایڈووکیٹ، خالد احمد وٹو ایڈووکیٹ، امین منہاس،خالد خان،ملک محمد وارث، عبدالسلام ودیگر نے خطاب کیا ۔اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے سیکڑوں کی تعداد میں ٹریڈیونیز رہنما اور این ایل ایف کی ملحقہ یونیز کے ذمے داران وکارکنان بھی موجود تھے ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ این ایل ایف ایک نظریاتی مزدور فیڈریشن ہے جس نے پاکستان کے نظریات اور اس کی اساس کی حفاظت کی ہے ۔ پاکستان میں 70سال سے ایک مخصوص اشرافیہ کی حکمرانی ہے جو پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی محنت کش طبقہ ہی لائے گا اور اس تبدیلی کے لیے کسی تلوار اور بندوق کی ضرورت نہیں پڑے گی بس ووٹ کی پرچی کو برچھی بنایا جائے اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ 3 روزہ تربیتی ورکشاپ محنت کشوں کی ذہنی آب یاری کرے گی اور ہم محنت کشوں کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کریںگے اور کسی بھی قسم کا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا،مزدوروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریںگے اور کھیت کھلیان بھٹہ فشری تعمیرات اور گھروں پر کام کرنے والے ملازمین کے حقوق کے لیے بھی کام کریںگے اور ان محنت کشوں کو ای او بی آئی سوشل سیکورٹی میںرجسٹر کیا جائے گا۔