برطانیہ: اسکول کے بچوں کی موبائل اور سائیکل چھیننے کی کوشش

175

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے اسکول میں شریر طلبہ کے گروہ نے موبائل اور سائیکل چھیننے کی کوشش میں 12 سالہ طالب علم کو لہولہان کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسکول ہی کے طلبہ نے اپنے ساتھی پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے ناک اور منہ کو نشانہ بنایا۔ واقعہ برطانوی شہر برمنگھم میں پیش آیا۔ میکنزی نامی طالب علم کی والدہ نے سوشل میڈیا پر اپنے زخمی بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ انہیں فوری طور پر انصاف فراہم کیا جائے۔ ماں کا کہنا تھا کہ ملزمان نے میرے بیٹے کا پیچھا کیا اور مار پیٹ کے دوران ذرا بھی ترس نہیں کھایا۔ خاتون نے بتایا کہ مارنے والوں کی عمریں 9 سے 10 سال کے درمیان تھیں اور وہ بظاہر اسکول ہی کے طالب علم ہی لگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ اس کے خلاف بڑے پیمانے پر آواز اٹھائیں گی۔