نعمت اللہ خان کا مشن پورا کرنے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے ،حافظ نعیم

153

کراچی( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر وسابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے ان کے بڑے صاحبزادے ندیم اقبال کی رہائش گاہ مکان نمبر 141، خیابان امیر خسرو،ڈیفنس فیز 6میں درسِ قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سورۃ اٰل عمران کی آیات کی روشنی میں ایمان ،فکر آخرت اور قبر کے احکامات کے حوالے سے درسِ قرآن دیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے درسِ قرآن دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ہر لمحہ آخرت کی فکر کرنی چاہیے اوردنیا کی زندگی میں مال کی طلب اور لمبی خواہشات سے پناہ مانگنی چاہیے ، ایمان کو تازہ کرنے اور توبہ و استغفار کر کے زندگی کو از سر نو منظم کرنے کی سعی کرتے رہنا چاہیے اور زندگی میں ترجیح آخرت ہی ہونی چاہیے جس کے نتیجے میں ہمارے دنیاوی اور اخروی معاملات بہترہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی زندگی اللہ کی مرضی اور منشا کے مطابق گزارنی چاہیے ، دین صرف چند معاملات اور عبادات کا نام نہیں بلکہ زندگی کے تمام معاملات دین میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دین غالب ہونے کے لیے آیا نہ کہ مغلوب ہونے کے لیے ، ہمیں دنیا کی زندگی کو اللہ کی بندگی میں گزارنا اور آخرت کو ترجیح دینا ہے اور اگر اسی حال میں موت آجائے تویہی ہمارے لیے کافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نعمت اللہ خان مرحوم نے دنیا میں امانت و دیانت کی مثال قائم کی اور شہر کی بے لوث خدمت کی ،ہمیشہ عوام کی فکر رہتی تھی اور خدمت خلق کے لیے ہمہ تن جدوجہد کرتے رہتے تھے ۔انہوں نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کی اور یقینانیک اولاد ہی صدقہ جاریہ ہوتی ہے ۔آج کراچی سمیت ملک بھر میں نعمت اللہ خان مرحوم کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیاجارہا ہے ،ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور ان کے مشن کو پورا کرنے کی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نعمت اللہ خان مرحوم نے اپنی 90سالہ زندگی میں نا صرف عمر کا بڑا حصہ دین کے نفاذ کی جدوجہد اور مخلوق کی خدمت کے کاموں میں صرف کیا بلکہ اپنی اولاد کو بھی نیک کاموں کے لیے وقف کردیا جو کہ ان کے لیے آخرت میں نجات کا باعث بنے گا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد اصغر ،نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، مسلم پرویز ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سیکرٹریز راشد قریشی ،نوید علی بیگ ، عبدالرحمن فدا، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،امرائے اضلاع محمد اسحاق خان ، سیف الدین ایڈووکیٹ ، منعم ظفر خان ، محمد اسلام ، رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ، سیکرٹری ضلع جنوبی سفیان دلاور، نعمت اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے، جماعت اسلامی اور الخدمت کے ذمے داران و کارکنان اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شر کت کی ۔