وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان ہم منصب کوفون ‘ایرانی مسافروں پرتبادلہ خیال

145

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تفتان سرحد کھولنے کے حکومت کے فیصلے پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ٹیلی فون کیا اورسرحد کھولنے کے بعد کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ تفتان کا بارڈر کھول دیا گیا ہے، جو بھی مسافر ایران سے واپس آرہے ہیں، ان کو بلوچستان میں قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی ٹیلی فون کیا اور ایران سے آنے والے مسافروں سے متعلق بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بتایا کہ 7 ہزار سے 8 ہزار افراد تفتان بارڈر سے پاکستان آرہے ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ جو بھی آرہے ہیں، ان کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں وزرائے اعلیٰ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام مسافروں کا ڈیٹا ایک دوسرے سے شیئرکیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں مل جل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے۔