عمران سرکار کی مسئلہ کشمیر سے فرار کیخلاف احتجاج کرتے رہیں گے،لیاقت بلوچ

119

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی مظلوم کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔بھارتی ظلم و جبر اور عمران خان حکومت کے مسئلہ کشمیر پر متفقہ قومی کشمیر پالیسی سے فرار کے جرم کے خلاف احتجاج اور دبائو جاری رکھے گی۔ بھارت میں سٹیزن شپ ترمیم ایکٹ سی اے اے کے خلاف مسلسل احتجاج اور ہنگامے ہورہے ہیں اور50 سے زاید لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ نریندرمودی کے فاشٹ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ انسانوں پر عرصہ حیات تنگ ہے اور بھارت میں 30 کروڑ سے زاید مسلمان ہندو دہشت گردی کا شکار ہیں۔المیہ ہے کہ عالمی برادری عالم اسلام اور انسانی حقوق کی تنظیمیںکوئی اقدام نہیں کررہیں۔آر ایس ایس کے دہشت گرد کھلے عام نعرے لگا رہے ہیں کہ مسلمان ہمارے دشمن ہیں۔ عالمی برادری اور ادارے انصاف کا راستہ اختیار کرکے بھارتی فاشسٹ حکمرانوں کو ظلم سے روکیں۔ لیاقت بلوچ نے کمالیہ میں اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کے بیٹے کی ولیمہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگومیں کہا کہ حکومت اور اپوزیشن قیادت نے قومی اور عوامی ایشوز پر غیر ذمے داری اور لاتعلقی کا ایک ہی رویہ اور موقف اختیار کیا ہوا ہے۔مہنگائی بے روزگاری ، اسٹیٹس کو اور لاقانونیت کے خلاف ملک گیر رابطہ عوام تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ سوات اور دیر کے عوامی احتجاج کے بعد پورے ملک میں بڑے احتجاج ہوں گے۔عمران خان حکومت وفاق اور صوبائی حکومتیں صوبوں میں ناکام ہیں۔ ان ہائوس تبدیلی سے اصطبل اورگھوڑے سیاسی منڈی میں بکیں گے اورجمہوریت داغدار ہوگی۔واحد علاج شفاف اور غیر جانبدرانہ بلدیاتی اور قبل از وقت قومی و صوبائی انتخابات ہیں۔