میرپور خاص سے دیگر شہروں کیلیے ٹرین سروس تاحال معطل

193

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص سے حیدر آباد، نوابشاہ، ڈگری اور دیگر شہروں کی ٹرینیں تاحال بحال نہ ہوسکیں، 2005ء میں سانحہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد درجن سے زائد ٹرینیں بند کردی گئیں تھیں، عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بند ٹرین سروس دوباہ بحال کی جائے۔ سماجی رہنما ملک راجہ عبدالحق، ملک عبدالغفار اور شکیل احمد ملک نے وفاقی وزیر ریلوے سے شیخ رشید سے مطالبہ کیا ہے کہ 2005ء میں میرپور خاص سے حیدرآباد جھڈو، نوکوٹ، کوٹ غلام محمد، کنری، نبی سر، ٹالہی اور نوابشاہ کے لیے دن میں ایک درجن سے زائد میٹر گیج ٹرین سروس چلتی تھی اور ان ٹرینوں سے محکمہ ریلوے کو پسنجر کے ساتھ ساتھ گڈز سے پڑے پیمانے پر منافع حاصل ہوتا تھا جو کہ سانحہ بے نظیر بھٹو کی المناک شہادت کے باعث بند کردی گئی تھی اور اب میرپور خاص سے صرف ایک ٹرین کراچی اور ایک ٹرین حیدر آباد کے لیے چلتی ہے۔ 2018ء میں عوامی مطالبے پر کراچی کے لیے مہران ایکسپریس ٹرین بحال کردی گئی مگر اور پھر شاہ لطیف ایکسپریس بھی بحال کردی گئی مگر یہ دو ٹرینیں میرپور خاص کی 12لاکھ آبادی سمیت ضلع کے 18 لاکھ آبادی کے لیے انتہائی کم ہیں اور فائدہ مقامی ٹرانسپورٹر اٹھا رہے ہیں۔ ضلع میرپور خاص کے تاجر اور طالب علم بھی سفر کے لیے پریشان رہتے ہیں اگر درجن بھر میں سے چھے ٹرینیں بھی بحال کردی جائیں تو عوام کو فائدہ حاصل ہوگا اور ریلوے کو بھی منافع ملے کیونکہ مذکورہ شاہ لطیف اور مہران ایکسپریس ٹرینیں ریلوے کو یومیہ ایک لاکھ روپے سے زائد کا منافع پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ عوامی مطالبہ ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔