بدعنوان عناصر سے نجات تک تبدیلی نہیں آسکتی ،عبدالحق ہاشمی

269

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جب تک بلوچستان کو دیانت دار دین دار قیادت نہیں ملے گی بدعنوان عناصر سے نجات نہیں ملے گی اس وقت تک تبدیلی نہیں آسکتی۔ بلوچستان کے عوام کو ترقی وخوشحالی کے سفر میں شامل کرنے کے لیے وفاق کے ساتھ صوبائی حکمرانوں کو بھی غفلت ومفادات سے نکلنا ہوگا اور دیانت واخلاص سے قوم کا ساتھ دینا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے بدعنوان عناصر اور مہنگائی وبدامنی کیخلاف عوامی تحریک شروع کر رکھی ہے، قوم مسائل کے حل، لٹیروں سے نجات اور قومی دولت چوروں سے برآمد کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ صوبائی حکومتوں میں شامل پارٹیوں نے بھی بلوچستان کے مظلوم عوام کا استحصال کیا ہے۔ بلوچستان کے عوام کا ولی وارث کوئی نہیں، صوبے کے وسائل استعمال کیے جارہے ہیں، وسائل سے مالا مال بلوچستان کو لوٹنے والوں کا کوئی احتساب نہیں ہورہا، جس کی وجہ سے بدعنوانی کو رکوانا بھی ممکن نہیں رہا۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی بدعنوانی، بدامنی اور مہنگائی کیخلاف بھرپور عوامی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ہم احتساب کے اداروں کو بھی جگائیں گے اور لوٹ مار کرنے والو ں کی راہ میں مشکلات پیدا کرکے عدل وانصاف کی اسلامی حکومت کا قیام ممکن بنائیں گے۔ اسلامی حکومت قائم ہوگی تو عوامی مسائل حل اور عوام کی مشکلات وپریشانی میں کمی آسکے گی۔ قوم جماعت اسلامی کے عوامی جدوجہد میں ساتھ دیں تاکہ لوٹ مار کا راستہ روکا جاسکیں۔ مہنگائی بدامنی اور بدعنوانی نے مظلوم بلوچستان کے غریب وکم آمدنی والوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ بلوچستان کے عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی مشکلات وپریشانی کم ہوجائیں۔