کوٹری، ممتاز گورڑ کے قتل کیس میں نامزد مفرور ملزم گرفتار

380

کوٹری (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ممتاز گورڑ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت۔ مقدمے میں نامزد مفرور ملزم گرفتار، 48 گھنٹوں میں مزید گرفتاریاں متوقع۔ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ قتل کیس کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ایس ایس پی جامشورو۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ممتاز گورڑ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ کی قائم کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل کیس میں نامزد مفرور ملزم صدام حسین گورڑ کو دادو کے شہر میہڑ میں چھاپا مار کر گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے اور 48 گھنٹوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔ ایس ایس پی جامشورو نے کہا ہے کہ پولیس قتل کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کررہی ہے جلد قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔دوسری جانب ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ نے ممتاز گورڑ کے قتل کیس میں انوسٹی گیشن افسر کی جانب سے نامزد ملزم بہادر گورڑ کو بری الذمہ قرار دے کر مقدمے سے خارج کرنے پر مقتول کے بیٹے ابراہیم گورڑ کے خدشات کے پیش نظر ڈی آئی جی حیدرآباد ریجن نعیم احمد شیخ کو بذریعہ لیٹر لکھ کر سراج احمد لاشاری کو تحقیقاتی افسر مقرر کرنے کی استدعا کی ہے اور مقتول کے بیٹے ابراہیم گورڑ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور مقدمہ سے متعلق اگر کوئی بھی تحفظات سامنے لائے گئے تو اسے بھی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بلادستی پر یقین رکھتے ہیں جس کے لیے قتل کیس کو شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔واضح رہے کہ ایس یو پی کے رہنماؤں نے گزشتہ دنوں مقتول کے بیٹے کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزد ملزم کو بری الذمہ قرار دے کر رہا کرنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا اور مطالبات کی عدم منظوری پر 18مارچ کو ڈی آئی جی آفس کے سامنے دھرنا دینے کا بھی عندیہ دیا تھا۔