جھڈو، دیہی صحت مرکز میں آئسولیشن وارڈ اور کنٹرول روم قائم

405

جھڈو (نمائندہ جسارت) ملک میں کرونا وائرس کے دو مریضوں کی تشخیص کے بعد صوبائی حکومت کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے ممکنہ کرونا وائرس کے مرض سے نمٹنے اور بچائو کے لیے ضلع میرپورخاص کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال اور ضلع کے تمام تعلقہ ہیڈ کوراٹرز کے سرکاری اسپتالوں میں فوری ضروری طبی سہولیات سے آراستہ آئسولیشن وارڈز اور کنٹرول روم قائم کرنے کے لیے متعلقہ تعلقہ اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تعلقہ جھڈو کے رورل ہیلتھ سینٹر میں آئسولیشن وارڈ اور کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کے انچارج ڈاکٹر رحیم بخش گورگیج ہوں گے۔ واضح رہے کہ تعلقہ جھڈو میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعلقہ اسپتال کی عمارت تو کچھ عرصہ قبل تعمیر ہوچکی ہے لیکن تا حال رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو کو تعلقہ اسپتال کے درجے پر اپ گریڈ نہیں کیا گیا اور تعلقہ اسپتال کی کوئی سہولیات دستیاب نہیں بلکہ رورل ہیلتھ سینٹر کی مکمل سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ رورل ہیلتھ سینٹر میں 18 ڈاکٹروں کی جگہ پر صرف دو میل ڈاکٹر اور ایک لیڈی ڈاکٹر تعینات ہے جبکہ دو میں سے ایک میل ڈاکٹر رخصت پر ہے اور اس وقت رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو میں صرف ایک میل ڈاکٹر ڈیوٹی دے رہا ہے۔ رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو میں دیگر سہولیات کی دستیابی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔