سعودی عرب میں دنیا کی پہلی مہنگی ترین گھڑدوڑ کا آغاز ہوگا

249

ریاض (جسارت نیوز) سعودی عرب میں ’’سعودی کپ ‘‘کے نام سے ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین پہلی گھڑ دوڑ آج ہو گی، یہ ریس کا پہلا ایڈیشن ہوگا، اس ریس کی انعامی رقم 2 کروڑ ڈالر رکھی گئی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق 1800 میٹر طویل ریس دارالحکومت ریاض کے کنگ عبدالعزیز ریس ٹریک پر ہو گی، ریس جیتنے والے گھڑ سوار کو ایک کروڑ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے گھڑ سوار کو 35 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ سعودی عرب میں دنیا کی پہلی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کے کامیاب انعقاد کیلیے تمام تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔ سعودی کپ کے نام سے ہونے والی اس گھڑ دوڑ میں تقریباً 10 ہزار تماشیوں کی شرکت متوقع ہے۔ جاکی کلب آف سعودی عرب کے ڈائریکٹر سٹریٹیجی اینڈ انٹرنیشنل ریسنگ ٹام ریان کا کہنا ہے کہ ہم اندرونِ ملک ہونے والی ریسنگ کو بین الاقوامی منصوبوں کے برابر لانا چاہتے ہیں اور رواں ہفتے ہونے والی یہ ریس انہی کوششوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے سعودی عرب میں کھیلوں کو فروغ ملے گا اور گھڑ دوڑ کے عالمی مقابلوں میں سعودی عرب کو اپنی شناخت بنانے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ 2018ء میں ہونے والا پگیسس ورلڈ کپ گھڑ سواری کے اعتبار سے دنیا کا سب سے مہنگا ایونٹ تھا جس کی کل انعامی رقم 16 ملین ڈالر تھی۔