کراچی : کورونا سے متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ اور دوست کلیئر قرار

113

کراچی (نمائندہ جسارت) کراچی میں متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ، دوستوں اور کلاس فیلوز کو کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا گیا۔ ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کراچی میں صرف ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ اب رو بہ صحت ہے اور اس مریض کے تمام اہل خانہ کا طبی معائنہ ہوچکا ہے اور الحمدللہ ان میں کسی بھی شخص میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ سے 1419 افراد نے ایران کا سفر کیا اور ان میں سے952 افراد واپس آ چکے ہیں اور 650 افراد کا طبی معائنہ ہوچکا ہے‘ ان میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں‘ سندھ کے تمام اضلاع سے ایران جانے والوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور حکومت ان افراد کو گھروں تک محدود رکھنے کی ہدایت کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے بہت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور ماسک کے حوالے سے شہر میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے‘ کسی کو بھی مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں ڈائریکٹر انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ صحت مند آدمی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حفظ ماتقدم کے تحت سندھ میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کی گئی ہے اور بروز پیر کو تمام تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ ادھر سندھ ہائی کورٹ میں اچانک ماسک کی قلت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت، کمشنر کراچی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے6 مارچ کو جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔