مغربی کنارے میں اسرائیلی تشدد سے 140 فلسطینی زخمی

180
الخلیل: مجوزہ امن معاہدے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے پتلے نذرِآتش کررہے ہیں‘ نوجوان صہیونی بلڈوزر پر پتھراؤ کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے تازہ تشدد میں کم از کم 140 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز قابض فوج نے نابلس کے جنوب میں جبل عرمہ کے مقام پر فلسطینی مظاہرین کو گولیاں اور آنسوگیس سے نشانہ بنایا۔ اس دوران کئی مظاہرین کو گولیاں بھی لگیں۔ دوسری جانب کفرقدوم میں ہفتہ وار احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر گولیاں اور آنسوگیس برسائی، جس کے نتیجے میں 6 مظاہرین زخمی ہوئے۔ ادھر جرمنی نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی طرف سے منظور کردہ 2500 گھروں کی تعمیر کے اعلان پرعمل روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن کو مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں پر شدید تشویش ہے۔ اسرائیل کا مشرقی بیت المقدس میں سیکٹر ای ون میں یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں سیکٹر ای ون میں یہودی آباد کاری کے نتیجے میں غرب اردن اور بیت المقدس ایک دوسرے سے کٹ کررہ جائیں گے۔