ڈریپ کا ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کو انتباہ

67

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈریپ نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ماسک کی مہنگے داموں فروخت اور ذخیرہ اندوزی کرنے پر انتباہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک، ڈسپوزیبل بیگس، سوٹ اور گوگلز کو زاید قیمت پر فروخت اور ان کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا۔ ڈریپ نے کیمسٹ، فارماسسٹ، میڈیکل اسٹور مالکان، ہول سیل ڈیلرز اور امپورٹرز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکس، ڈسپوزیبل بیگس اور گوگلز دسمبر 2019ء کی قیمتوں پر فروخت کیے جائیں اور عوام مہنگے داموں ماسک کی فروخت پر ڈریپ کو آگاہ کریں۔ دریں اثنا ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے آلات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔