ماسک کی مہنگے داموں فروخت پر سندھ حکومت سے جواب طلب

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں مہنگے داموں ماسک کی فروخت پر عدالت نے سندھ حکومت سے جواب طلب کرلیا۔شہر میں ماسک کی قلت اور مہنگے داموں فروخت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہر میں ماسک کی قلت پیدا ہوگئی،ماسک مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ کس نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے ماسک پہننے کی ضرورت ہے؟ کل آپ نے ڈاکٹر کی پریس کانفرنس نہیں سنی؟شہر میں ماسک مل تو رہے ہیں؟ کمرہ عدالت میں بھی بچی نے ماسک پہنا ہوا ہے۔ عدالت نے کورٹ روم میں موجود بچی سے استفسار کیا کہ بیٹا آپ نے ماسک کہاں سے لیا ہے، بچی نے کہامارکیٹ سے ملا ہے مگر بہت مشکل سے،بچی کے جواب پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا۔ عدالت نے مہنگے داموں ماسک کی فروخت پر سندھ حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری صحت اور دیگر کو جواب جمع کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو بھی نوٹس جاری کردیے جبکہ کمشنر کراچی سے بھی جواب طلب کرلیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی روکی جائے اور مناسب قیمتوں پر فروخت یقینی بنائی جائے،ایسے حالات میں ماسک کی من مانی قیمتوں پر فروخت ہونا لمحہ فکر ہے۔