پاکستان اور قازقستان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر متفق

492

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاست قازقستان نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ٹرانسپورٹ، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، توانائی اور تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ دونوں ممالک کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (آئی جے سی) کے2 روزہ اجلاس میں کیا گیا۔پاکستان۔قازقستان بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس 27 اور 28 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔قازقستان کے وفد کی قیادت قازقستان کے اول نائب وزیر خارجہ شہرت نوری نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کی۔ 2 روزہ اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، مواصلات، توانائی، سیاحت، زراعت، صحت عامہ اور ادویہ سازی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں مفاہمت کی دستاویز کو حتمی شکل دینے سے اتفاق کیا۔ 2 روزہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ و علاقائی رابطوں کے فروغ، توانائی اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 2روزہ اجلاس میں مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے قازقستان میں انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔