حق خود ارادیت مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے‘راجا فاروق حیدر

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام “مسئلہ کشمیر ۔ بھارتی آئین کی دفعات 35A اور 370 ، پاکستان کے پاس موجود آپشنز اوربھارت میں ہندوتوانظریات کا فروغ کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد بحریہ یونیورسٹی کراچی میں کیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجافاروق حیدر نے سیمینار کے دوسرے سیشن میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔اس تناظر میں کشمیر کی موجودہ صورتحال میں موثر کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے پاس موجود پالیسی آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔ قبل ازیں،ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرزوائس ایڈمرل عبد العلیم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کشمیریوں کی “خصوصی حیثیت” کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلمانوں کے بعض طبقات کو بھارتی شہریت سے محروم کرنے کے بارے میں بھی بات کی جو ابھرتی ہوئی بھارتی انتہا پسندی کا واضح ثبوت ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ ظفر محمود عباسی نے اپنے سیمینار کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متنازع ر یاست جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کا بھارت کا اقدام ہندتوا نظریہ کو فروغ دینے کی بھارتی حکومت کی پالیسی کاایک اور مظہر ہے ، جس کا مقصد بھارت کوانتہا پسند ہندو اکثریتی “ہندوستان” میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر بنیادی تنازع ہے جس کے سمندری سلامتی کی صورتحال پر بھی شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔