دہشتگردی کیخلا ف جنگ میں70 ہزارجانوںکانذرانہ دیاہے‘گورنر

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا جس کی ساری دنیا معترف ہے ، ہم نے اس جنگ میں 70 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا ہے جس کا واحد مقصد دنیا کو پر امن جگہ بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 33 ویں مڈ کیریئر فارن ڈپلومیٹ کورس کے شرکاسے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ کورس کا اہتمام فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد نے کیا ہے اور اس میں کئی ممالک کے سفارت کار شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے آئے ہیں جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ اب دنیا نے اس بات کو تسلیم کرلیا ہے اور امریکا اور طالبان مذاکرات کی ٹیبل پر ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو مسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں 70 سال سے زائد عرصہ سے بھارتی افواج کے مظالم جاری ہیں اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو گزشتہ 6 ماہ سے دنیا کی سب بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی قابل مذمت ہے۔ گورنر سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بھرپور آزادی حاصل ہے۔ انہیں اپنی پسند کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔