تمام تعلیمی ادارے پیر سے کھل جائیں گے‘صوبائی وزیرتعلیم

210

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے پیر سے کھل جائیں گے، دو روز کی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی وجہ ان اسکولز میں احتیاطی تدابیرکو مکمل کرنے اور ساتھ ہی ساتھ ایران سے آنے والوں اور ان سے ملنے والوں کی اسکرینگ کے عمل کو مکمل کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کی شب سندھ سیکرٹریٹ میں صوبے بھر کے محکمہ تعلیم اور محنت کے اعلیٰ افسران کا اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے حوالے سے جو خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے خدانخواستہ پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں تمام احتیاطی تدابیر کو مکمل کرلیا ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بھی قائم کردی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں 600 جبکہ سندھ بھر میں 2000افراد ایران سے ان دنوں میں آئے ہیں ان کا مکمل ڈیٹا مرتب کرکے ان کی اسکریننگ کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ یحییٰ نامی جس طالبعلم میں اس کے مثبت اثرات پائے گئے ہیں ان کے اہلخانہ اور 14 دوستوں کے ٹیسٹ بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔