ماسک مہنگا ہونے پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، عوام خود بنالیں،صدر مملکت

390

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے ،اب تک 51 ممالک اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پشاور میں گیسٹرولوجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں امراض سے بچاؤپر خصوصی توجہ دینی ہوگی،مہلک امراض سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹر ز اور طبی ماہرین فعال کردار ادا کریں،صحت کے شعبے میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار قابل تعریف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ ایک تشویشناک صورتحال ہے اور اب تک 51 ممالک کرونا وائرس کاشکار ہو چکے ہیں، اور پاکستان میں بھی پھیلنے کا امکان ہے، لہذا ہمیں امراض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی،عوام صحت و صفائی کا خصوصی خیال رکھیں،ہاتھ دھونے کیلئے صابن کا استعمال یقینی بنائیں،صحت و صفائی یقینی بنانے سے امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں اور مرض کی علامات سامنے آنے پر ضروری اقدامات کئے جائیں جبکہ وائرس کی روک تھام کیلئے ماسک کا استعمال بھی بڑھایا جائے۔

عارف علوی نے کہا کہ وائرس زیادہ پھیل گیا تو حج بھی متاثر ہوسکتا ہے،اگر منہ پر پہننے والے ماسک مہنگے ہوگئے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، انہیں آپ خود بھی بناسکتے ہیں، ٹشو سے ماسک بنانے کی ویڈیو ٹویٹر پر ڈالی ہے، بہادر قومیں مشکلات کا مقابلہ کرتی ہیں۔