پاکستان کا یورپی یونین کے ساتھ 13 ملین یورو کا معاہدہ طے پاگیا

269

پاکستان کا یورپی یونین کے ساتھ 13 ملین یورو کا معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے تحت یورپی یونین میکرو فسکل پالیسی اور بجٹ کی تیاریوں میں معاونت فراہم کرے گا ۔

تفصیلات کے مطابق پبلک فنانشل مینجمنٹ یورپی یونین اور پاکستان میں13 ملین یوروکا معاہدہ طے پا گیا، سیکریٹری اقتصادی امور پرویز عباس اور سفیر یورپی یونین اندورلہ کامینا رانے معاہدے پر دستخط کئے، معاہدے کے تحت یورپی یونین میکرو فسکل پالیسیوں اور بجٹ کی تیاری میں معاونت فراہم کرے گا جبکہ پاکستان کو معاشی فور کاسٹنگ میں بہتری کیلئے بھی معاونت دی جائے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیراقتصادی امورحماد اظہر نے کہا کہ پروگرام سے نئے پاکستان منصوبے کے تحت معاشرتی ترقی کو فروغ دیا جائے گا،پبلک فنانس سپورٹ کا فائدہ سندھ،بلوچستان اور وفاقی سطح پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مساوی معاشی و سماجی ترقی کو یقینی بنانا ہے جبکہ ملک میں معاشی و سماجی استحکام لانا حکومت کی ترجیح ہے اور یورپی یونین سے معاشی و سماجی اشتراک بھی جاری رہےگا۔