اپوزیشن عمران خان کیخلاف کوئی تحریک نہیں چلائیں گی: وزیرریلوے

384

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں عمران خان کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائیں گی۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی وزیراعظم عمران خان کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائے گی، نواز شریف کو واپس آتےنہیں دیکھ رہا اور شہبازشریف  کاکچھ نہیں کہتا۔

ریلوے سے متعلق شیخ رشید نے کہا ہے کہ 10 مئی سے پہلے پہلے ریلوے میں انقلاب آرہا ہے، مسافر ٹرینوں سے نفع نہیں ہوسکتا، فریٹ ٹرینوں سے آمدن ہوتی ہے۔

وزیر ریلوے نے بھارت میں مسلم کش فسادات کے حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کا امریکا نوٹس لے، اگرمسلمانوں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ جاری رہا تو اقوام کے درمیان فاصلے بڑھ جائیں گے۔

کورونا وائرس سے متعلق انہوں نے کہا ہے کہ کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کورونا وائرس کا احتیاط اور حکمت سے مقابلہ کریں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مہنگائی کا احساس ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے نکالتے ہوئے غریبوں پر مہنگائی کا بوجھ پڑا۔