عدالت نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافے سے روک دیا

333

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق نجی اسکولوں اور اسٹوڈنٹس کے والدین کی 13 درخواستوں کا فیصلہ سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نجی اسکولوں کی اپنی مرضی سےفیسوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے فیسوں کے تعین کا اختیار پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کو دیتے ہوئے اسکولوں کو اپنی مرضی سے اضافہ کرنے سے روک دیا ہے۔

عدالت نے اپنے ریماکس میں حکم دیا ہے کہ پیرا اسکول انتظامیہ اور بچوں کے والدین کو سن کر دو ہفتوں میں فیصلہ کرے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پیرا ہی بطور ریگولیٹر فیصلہ کرنا ہے، پیرا اوولز نہ بننے کے باوجود اس کا بطور ریگولیٹر کردار ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے حکم دیا کہ بچوں کی برطرفی کا معاملہ بھی جلد حل کیا جائے۔

سماعت کے دوران پیرا کی جانب سے ایڈووکیٹ راشد حنیف پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں ایک رپورٹ پیش کی جس کے مطابق اسلام آباد کے نجی اسکولوں میں تین لاکھ 25 ہزار طلبا زیر تعلیم ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسکول کی فیسوں کے تعین کے لیے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے سے رہنمائی لینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔