مشتاق مہر کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس تعینات کر دیا گیا

377

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مشتاق مہر کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس تعینات کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان آئی جی کی تبدیلی کا معاملہ حل ہوگیا اور وفاقی کابینہ نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سندھ حکومت نے گریڈ 22 کے ایک اور 21 کے 4 نئے ناموں کی سمری بھجوائی تھی جن میں گریڈ 22 کے مشتاق مہر اورگریڈ 21 کے غلام قادر تھیبو شامل تھے۔نئے آئی جی کی تعیناتی سندھ حکومت کے مطالبے اور گورنر کی مشاورت سے کی گئی،

ذرائع کے مطابق گریڈ 21 کے کامران فضل، ثناء اللہ عباسی اور انعام غنی کے نام بھی سمری میں شامل تھے تاہم وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد حکومت نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

مشتاق مہر اس وقت آئی جی ریلویز کی حیثیت میں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کر رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام اور سندھ حکومت کے مابین کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا، اور گزشتہ ماہ کے آغاز میں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور مراد علی شاہ کی ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔