پچاس سے زائد ملکوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے باوجود حکومت نے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے،سراج الحق

390

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق  کا کہنا ہے کہ افغانستان اور ایران سمیت پچا س ملکوں میں وائرس پھیلنے کے باوجود ہماری حکومت نے کوئی پرواہ نہیں کی جس کی وجہ سے آج ملک میں وائرس پھیلنے کاخطرہ بڑھ گیا ہے اور عوام کے اندر شدید خوف و ہراس ہے۔

سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کےباہرمیڈیاسےگفتگومیں  سینیٹر سراج الحق نے امریکہ طالبان کے درمیان مجوزہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئےکہاکہ امریکہ نے افغانستان سے واپسی کا جواعلان کیا ہے اللہ کرے کہ وہ اس پر قائم رہے،دوسرا اہم مرحلہ بین الافغان مذاکرات ہیں تاکہ افغانوں کے اندر خانہ جنگی نہ ہواور وہ ایک متفقہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امریکی موجود گی نے دہشت گردی سمیت بہت سے مسائل کوجنم دیا ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکی افواج کا افغانستان سے انخلاءضروری ہے، افغانستان کی آزادی اور خود مختاری کا تحفظ ہونا چاہئے اور افغانوں کو آپس میں بات چیت اور مذاکرات کا موقع ملنا چاہئے ۔

سینیٹر سراج الحق نےکہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے،خطے کی ترقی و خوشحالی افغانستان میں امن سے ہی ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کروناوائرس کو روکنے اور بیماری کے خلاف عملی اقدامات کے حوالے سے ابھی تک قوم کوکچھ نہیں بتایا،افغانستان اور ایران میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے باوجود حکومت سوئی رہی اور اس کے سدباب کیلئے کوئی موثر حکمت عملی نہیں بنائی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے فوری بعد ہماری حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ اس وباسے نپٹنے اور اس کے موثر سدباب اور علاج کیلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کرتی،سینیٹ میں سب پارٹیوں کے ارکان حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں کچھ بتایا جائے مگر حکومت کہتی ہے کہ ہم سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اس سے بچنے کی تدابیر کیلئے قومی سطح پر ایک آگاہی مہم چلائی جاتی،ہسپتالوں میں آئسو لیشن وارڈز بنائی جاتیں اور بیماری سے بچاﺅ کیلئے قبل ازوقت ضروری اقدامات کئے جاتےمگر افغانستان اور ایران سمیت پچا س ملکوں میں وائرس پھیلنے کے باوجود ہماری حکومت نے کوئی پرواہ نہیں کی جس کی وجہ سے آج ملک میں وائرس پھیلنے کاخطرہ بڑھ گیا ہے اور عوام کے اندر شدید خوف و ہراس ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ وائرس سے بچاﺅ کیلئے ماسک اور دستانے وغیرہ عوام کو سرکاری سطح پرفراہمی کا انتظام کرے،سرکاری ہسپتالوں میں وائرس کی تشخیص اور مفت ٹیسٹوں کو یقینی بنائے اور جو کمپنیاں اور ادارے وباکا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف موثر کاروائی کی جائے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرونا وائرس سے خوف زدہ ہونے کی بجائے اللہ سے اجتماعی توبہ و استغفار کیا جائے اور حکمران بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں تاکہ عوام کے اندراعتماد اور تحفظ کا احساس پیدا کیاجاسکے ۔