امریکا بھارت دفاعی معاہدے پر شدید تحفظات ہیں،پاکستان

113

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا اور بھارت کے درمیان اربوں ڈالر کے دفاعی معاہدے پر شدید تحفظات ہیں،عالمی برادری کو کئی بارخطے میں اسلحے کی دوڑ سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان عائشہ فاروق کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں مساجد اورمسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، اقوام متحدہ اور مذہبی آزادی کی تنظیموں نے بھی دہلی میں مسلمانوں پر تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔عائشہ فاروقنے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کی پیش کش کا خیر مقدم کیا۔ ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایرانی حکام سے رابطے میں ہیں، مشہد اور زاہدان میں 24 گھنٹے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، ایران میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانے پاکستانی طالبعلموں اور شہریوں کو تمام سہولیات مہیا کر رہے ہیںجب کہ وائرس کی وجہ سے چین سے ہماری تجارت ہر کوئی اثر نہیں پڑا۔عائشہ فاروق نے یہ بھی کہاکہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے سے متعلق مسودہ پاکستان کو نہیں دکھایا گیا، یہ امن معاہدہ افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے،ہماری قیادت کہہ چکی ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے سہولت کاری کا کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 29 فروری کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان دارالحکومت دوحا میں امن معاہدے پر دستخط ہوں گے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔