۔16ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح۔مزید 5 یونٹس جلد قائم ہونگے،ندیم قمر

307

کراچی(نمائندہ جسارت)ادارہ برائے امراض قلب نے حکومت سندھ کے اشتراک سے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کراچی میں اپنے 16 ویں چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کر دیا ہے،جس کی بدولت مریضوں کو امراض قلب کی فوری طبّی امداد بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے جمعرات کو این آئی سی وی ڈی کے 16ویں چیسٹ پین یونٹ کا
افتتاح کیا۔اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے منیجمنٹ کنسلٹنٹ حیدر اعوان اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے افتتاحی تقریب کے دوران میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کراچی میں چیسٹ پین یونٹ کا قیام اہل کراچی کے لیے ایک اور تحفہ ہے،یہ چیسٹ پین یونٹ این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا،دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے بعد این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائے گا،جہاں پر جدید سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے، یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے، یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراض قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کے لیے فعال بنائے گئے ہیں، یہ یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے، دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لیے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس پروگرام کے تحت پورے صوبہ سندھ میں مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کریںگے کیونکہ ان چیسٹ پین یونٹس نے 2 برس کے مختصر عرصے میں 7,882 قیمتی جانیں بچائی ہیں جن کو دل کے دورے کے دوران فوری ہنگامی طبّی امداد فراہم کی گئی اور لاکھوں مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ 2برس کی مختصر مدت میں صوبہ سندھ میں 10این آئی سی وی ڈی اسپتال اور 15 چیسٹ پین یونٹس قائم کیے گئے ہیں ، جہاں پر پورے ملک سے آنے والے مریضوںکو امراض قلب کا جدید اور مہنگا علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان چیسٹ پین یونٹس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پید کریںتاکہ زیادہ سے زیادہ امراض قلب کے مریض اس بالکل مفت سہولت سے مستقید ہو سکے۔