اے پی این ایس کی بڑے اخبارات کو اشتہارت پرپابندی کی شدید مذمت

155

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی ڈان گروپ اور جنگ گروپ کیلئے وفاقی اور پنجاب و خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے اشتہارات کے اجراء پر مستقل پابندی کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے آزادی صحافت کی صریح خلاف ورزی تصور کرتی ہے ۔اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 27فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ایک متفقہ قرار داد منظور کی ہےجس میں وفاقی اور پنجاب و خیبرپختونخواکی صوبائی حکومتوں کی اس پالیسی کی پرزور مذمت کی گئی ہے جس کے تحت ڈان گروپ اور جنگ گروپ جیسے بڑے اخبارات کو اشتہارات کے اجرا پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی کی پختہ رائے ہے کہ بڑے میڈیا گروپس پر یہ پابندی نہ صرف آزادی صحافت کو کچلنے اور اخبارات کی ادارتی پالیسی کو کنٹرول کرنے کیلئے اشتہارات کو بطور آلہ استعمال کرنے کے مترادف ہے بلکہ اس کا مقصد اخبارات میں اختلاف رائے کو خاموش کرناہے۔قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی ڈان اور جنگ میڈیا گروپس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طورپر اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں اور ان اخبارات کیلئے اشتہارات کے اجراء کو بحال کریں۔