کوٹری: حکومت کی جانب سے قائم یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی ناپید

167

کوٹری (نمائندہ جسارت)حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر زر تلافی اور 8 ارب کے پیکج کے علاوہ چینی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے کے مجوزہ اعلان پر کوٹری میں کوئی خاطر خواں عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آ رہا۔ شہر اور مضافات کے علاقوں میں قائم تمام اسٹورز پر چینی گزشتہ کئی دنوں سے ناپید ہے اور شہری عام بازاروں سے 80 روپے فی کلو چینی کی خریداری پر مجبور ہیں، اسٹورز پر فروخت ہونے والی اشیاء انتہائی غیر معیاری مہیا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کی عام رائے ہے کہ حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کو زر تلافی دینے کے بجائے پیٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دے جس کے باعث مہنگائی کو قابو کیا جاسکتا ہے، ایک جانب بنیادی اشیاء ضرویہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہے تو دوسری جانب جان بچانے اور دیگر امراض کی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہری ذہنی عذاب کا شکار ہیں، شہر میں ضلعی انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔