بلوچستان میں رواں سال پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تعداد 3 ہوگئی

103

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، رواں سال بلوچستان میں کیسز کی تعداد 3 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق سبی میں 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ بچے کے والدین ایک ماہ قبل پشین سے سبی آئے تھے، بچے کے سیمپل7 فروری کو حاصل کیے گئے تھے۔ بچے کا تعلق پولیو سے بچائو کے قطروں سے انکاری گھرانے سے ہے۔ محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں رواں برس پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں پولیو کے خاتمے کے لے ہنگامی طور پر دو انسداد پولیو مہمات چلائی گئیں، انسداد پولیو مہم میں خالد نامی سات ماہ کا بچہ والدہ کی کوتاہی کی وجہ سے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے رہ گیا۔ بچے کی والدہ کے مطابق اس کے 8 بیٹے ہیں جن میں سے آخری بچہ پولیو کا شکار ہوا ہے۔ پولیو ایمرجنسی سینٹر کے مطابق بلوچستان میں رواں سال دو جبکہ گزشتہ سال پولیو کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔