شہزادہ عبدالعزیز الفیصل نے سعودی تاریخ کے پہلے گیمز کا اعلان کردیا

403

ریاض(جسارت نیوز )سعودی تاریخ کے پہلے گیمز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جو 23 مارچ 2020ء سے شروع ہو کر یکم اپریل 2020ء تک جاری رہیں گے۔ یہ سعودی گیمزا اسپورٹس چینل پر بھی دکھائے جائیں گے۔ اْردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیزالفیصل نے اعلان کیا ہے کہ پہلے سعودی گیمز 23 مارچ سے یکم اپریل تک ریاض میں ہوں گے۔ سعودی گیمز سپورٹس چینل کے توسط سے دکھائے جائیں گے۔ شہزادہ عبدالعزیزا لفیصل نے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سعودی عرب میں کھیلوں کے حوالے سے بڑا پروگرام ہونے جا رہا ہے۔ یہ وطن عزیزکے کارناموں میں خوبصورت اضافہ ثابت ہوگا‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ سعودی عرب نے مقامی ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سعودی کھلاڑیوں کی قابل قدر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے کھیلوں کی نئی پالیسی ترتیب دی ہے‘۔انہوں نے مزید کہا’ پانچ ہزار سے زیادہ کھلاڑی سعودی گیمز میں شریک ہوں گے۔سعودی عرب 17 مقامات پر برادر اور دوست ممالک کے منتخب کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا۔’ سعودی گیمز کے شرکاء کو انعامات دیے جائیں گے۔کانسی کا میڈل جیتنے والوں کو ایک لاکھ ریال،سلورمیڈل حاصل کرنے والے کو تین لاکھ ریال اور گولڈ میڈل پر دس لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہر علاقے کے میڈلز کی تعداد کے حوالے سے فائنل فہرست جاری ہوگی۔شہزادہ عبدالعزیزالفیصل کا کہنا تھا ’سعودی گیمز کے موقع پر سعودی اولمپک فورم، سعودی کھلاڑیوں کا فورم، اولمپک عجائب گھر اور اولمپک نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا‘۔’ ’کل کے ہیرو‘ کے نام سے 2004 سے 2007 کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کے لیے ایک اور مقابلہ بھی ہوگا۔واضح رہے کہ سعودی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کی فٹ بال لیگ متعارف کرا دی گئی ہے۔ یہ فٹ بال لیگ حکومتی سرپرستی میں منعقد ہو گا۔سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کے مطابق 17 میچز پر مشتمل لیگ کا پہلا سیزن جدہ، ریاض اور دمام میں کھیلا جائے گا۔